اسلام آباد:
ٹیرف اور فکسڈ چارجز میں ردوبدل سے متعلق حکومتی درخواست پر نیپرا کی سماعت مکمل ہو گئی ہے، جس کا فیصلہ اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد جاری کیا جائے گا۔
پاور ڈویژن حکام کے مطابق نیپرا کے فیصلے کے بعد صنعتی شعبے کے لیے بجلی کا ٹیرف 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کم ہو جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی پہلی بار بلنگ سائیکل میں صنعت پر عائد 101 ارب روپے کی کراس سبسڈی ختم ہو کر صفر ہو جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس وقت صنعتی صارفین گھریلو صارفین کو 101 ارب روپے کی کراس سبسڈی دے رہے ہیں، جبکہ کمرشل صارفین کی جانب سے 90 ارب روپے اور جنرل سروسز صارفین کی جانب سے 35 ارب روپے کی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
پاور ڈویژن کے مطابق نیٹ میٹرنگ صارفین نے مجموعی طور پر 35 ارب یونٹس بجلی پیدا کی ہے۔ اگر یہ بجلی گرڈ کے ذریعے حاصل کی جاتی تو فی یونٹ تقریباً 3 روپے کا اضافی فرق پڑتا۔









