پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار پلیئرز آکشن، فہیم اشرف سب سے مہنگے پاکستانی کھلاڑی بن گئے

لاہور:
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک نئی تاریخ رقم ہو گئی، جہاں لاہور کے ایکسپو سینٹر میں پہلی مرتبہ پلیئرز آکشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس تاریخی آکشن میں 800 سے زائد ملکی و غیر ملکی کھلاڑی رجسٹرڈ تھے، جن میں سے ہر فرنچائز نے 16 سے 20 رکنی اسکواڈ تشکیل دیا۔

تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آمد پر تمام فرنچائز مالکان نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔ محسن نقوی نے فرنچائز مالکان کو قومی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کی مارخور والی خصوصی کسٹمائزڈ ٹی شرٹس بطور تحفہ پیش کیں۔

آکشن میں سب سے پہلے پاکستانی آل راؤنڈر فہیم اشرف کو اسلام آباد یونائیٹڈ نے 8 کروڑ 50 لاکھ روپے میں خرید کر سب کی توجہ حاصل کی۔ نسیم شاہ 8 کروڑ 65 لاکھ روپے میں راولپنڈی کا حصہ بنے، جبکہ ڈیوڈ وارنر کو کراچی کنگز نے 7 کروڑ 90 لاکھ روپے میں حاصل کیا۔ فخر زمان کو لاہور قلندرز نے 7 کروڑ 95 لاکھ روپے میں برقرار رکھا۔

جنوبی افریقا کے رائیلی روسو کو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 5 کروڑ 55 لاکھ روپے میں خریدا، جبکہ نیوزی لینڈ کے ڈیرل مچل 8 کروڑ 5 لاکھ روپے میں راولپنڈی کا حصہ بنے۔ سلمان علی آغا کو کراچی کنگز نے 5 کروڑ 85 لاکھ روپے میں منتخب کیا۔

نئی شامل ہونے والی فرنچائز سیالکوٹ اسٹالینز نے صاحبزادہ فرحان کو 5 کروڑ 70 لاکھ روپے میں خریدا۔ محمد عامر 5 کروڑ 40 لاکھ روپے میں راولپنڈی، جبکہ حارث رؤف کو لاہور قلندرز نے 7 کروڑ 60 لاکھ روپے میں واپس حاصل کیا۔

آکشن میں کئی بڑے ناموں کو کسی فرنچائز نے نہیں خریدا، جن میں عماد وسیم، مہدی حسن میراز، سعود شکیل، کامران غلام، کولن منرو، شان مسعود، افتخار احمد، جمی نیشم، مائیکل بریسویل اور شاہنواز دھانی شامل ہیں۔

پی ایس ایل میں یہ پہلا پلیئرز آکشن شفافیت، مسابقت اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں