گلوکارہ گیتا پٹنائک برین اسٹروک کے باعث 73 سال کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اڑیا موسیقی کی ممتاز آوازوں میں شمار ہونے والی گلوکارہ گزشتہ ہفتے برین اسٹروک کے بعد کٹک کے اسپتال میں زیرِ علاج تھیں اور اتوار کے روز دورانِ علاج انتقال کرگئیں۔
جمعرات کو ایک تقریب کے دوران طبیعت بگڑنے پر انہیں پہلے کیپیٹل اسپتال کٹک منتقل کیا گیا جہاں برین اسٹروک کی تصدیق ہوئی۔ بعد ازاں انہیں نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ان کے بہنوئی پردوش پٹنائک کے مطابق ڈاکٹروں نے انہیں دماغی طور پر مردہ قرار دیا تھا۔
ان کی میت پیر کے روز کٹک میں واقع ان کے گھر منتقل کی جائے گی جہاں آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔
فنی خدمات
گیتا پٹنائک کا کیریئر پانچ دہائیوں پر محیط رہا۔ انہوں نے متعدد نامور فنکاروں اور موسیقاروں کے ساتھ کام کیا، تاہم انہیں خاص طور پر لیجنڈری اڑیا گلوکار اکشے موہنتی کے ساتھ گائے گئے گانوں سے شہرت ملی۔
انہوں نے اوڑیا فلم ججبَر کے مقبول گیت “فُر کِنا اُڈیگالا بانی” سمیت کئی یادگار نغموں کو اپنی آواز دی۔
ان کے انتقال پر اڑیا موسیقی کی صنعت میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔









