دوسری شادی مرد کے لیے مثالی صورت نہیں، مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے،علی طاہر

پاکستان کے معروف اسٹیج اور ٹیلی وژن اداکار علی طاہر نے کہا ہے کہ دوسری شادی مرد کے لیے کبھی بھی مثالی صورت نہیں ہوتی، بلکہ اسے متعدد مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

حال ہی میں علی طاہر نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اسلام میں دوسری شادی کی اجازت سے متعلق مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

علی طاہر کا کہنا تھا کہ ہم بعض اوقات بنیادی باتوں کو نظر انداز کر دیتے ہیں اور دین پر اس کی اصل روح کے مطابق عمل نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام میں ایک سے زائد شادیوں کی اجازت مخصوص حالات میں دی گئی ہے اور اس کے ساتھ برابری اور انصاف کی شرط رکھی گئی ہے، جو کہ انتہائی مشکل ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مردوں کو اس حوالے سے تنبیہ بھی کی گئی ہے کہ انصاف کرو، اور اگر کوئی شخص دوسری شادی کر رہا ہے تو اسے باہمی رضامندی سے کرنی چاہیے — یعنی شوہر اور دونوں بیویاں اس پر متفق ہوں تب ہی آگے بڑھنا چاہیے۔

پروگرام میں موجود سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے اس موقع پر کہا کہ میں نے کبھی ایسا منظر نہیں دیکھا جہاں تینوں فریق دوسری شادی پر خوشی سے متفق ہوں۔ ان کے مطابق دوسری شادی کبھی بھی ایک مثالی صورتِ حال نہیں ہوتی اور اکثر کامیاب بھی نہیں رہتی۔

واضح رہے کہ معروف اداکار علی طاہر سینئر فنکار، ماہرِ تعلیم اور مصنف نعیم طاہر اور معروف ریڈیو میزبان یاسمین طاہر کے صاحبزادے ہیں، اور وہ سابقہ اداکارہ وجیہہ طاہر کے ساتھ خوش گوار ازدواجی زندگی گزار رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں