لاہور: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ مومنہ اقبال اور حمزہ حبیب کی شادی کی تقریبات ان دنوں سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔ جہاں ایک طرف نوبیاہتا جوڑے کو مداحوں کی جانب سے مبارکباد اور نیک تمناؤں کے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے، وہیں شادی کی تصاویر اور ویڈیوز کے ساتھ ایک متنازع ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
حال ہی میں مومنہ اقبال کی برائیڈل میک اوور کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی، جس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ اداکارہ میک اپ کے دوران سگریٹ نوشی کر رہی تھیں۔ اس ویڈیو کے منظرِ عام پر آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین شدید بحث میں پڑ گئے۔
صارفین کی ایک بڑی تعداد نے اس معاملے کو اداکارہ کا ذاتی فیصلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ سگریٹ نوشی کرتی ہیں تو یہ ان کی نجی زندگی کا معاملہ ہے اور اس پر غیر ضروری تنقید نہیں کی جانی چاہیے۔
دوسری جانب متعدد سوشل میڈیا صارفین نے ویڈیو کی صداقت پر ہی سوالات اٹھا دیے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ یہ ممکنہ طور پر مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ یا ایڈٹ شدہ ویڈیو ہو سکتی ہے۔ بعض افراد کا تجزیہ ہے کہ جس چیز کو سگریٹ قرار دیا جا رہا ہے وہ درحقیقت میک اپ کے دوران استعمال ہونے والا برش یا کوئی اور کاسمیٹک ٹول ہو سکتا ہے جسے زاویے کی وجہ سے غلط سمجھا گیا۔
تاہم یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ وائرل ویڈیو کے حوالے سے تاحال مومنہ اقبال یا ان کے قریبی حلقوں کی جانب سے کوئی باضابطہ وضاحت یا تردید سامنے نہیں آئی ہے۔ اس لیے ویڈیو میں نظر آنے والی شے یا مبینہ سگریٹ نوشی کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔









