بجلی صارفین پر مہنگائی کا نیا وار، فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 36 پیسے اضافہ

اسلام آباد: بجلی صارفین کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آگئی، نیپرا نے ستمبر 2026 کی ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 36 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔نیپرا کے مطابق ستمبر کے دوران بجلی کی اصل پیداواری فیول لاگت 9 روپے 82 پیسے فی یونٹ رہی، جبکہ ریفرنس لاگت 7 روپے 45 پیسے مقرر کی گئی تھی۔ دونوں لاگتوں کے فرق کی بنیاد پر صارفین سے اضافی رقم وصول کی جائے گی۔اس اضافے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین پر ہوگا۔ تاہم لائف لائن صارفین، الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز اور پری پیڈ ٹیرف استعمال کرنے والے صارفین کو اس اضافے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ البتہ انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج سے فائدہ اٹھانے والے صارفین بھی اضافی فیول ایڈجسٹمنٹ ادا کریں گے۔نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق اضافی رقم نومبر 2026 کے بجلی بلوں میں وصول کی جائے گی، جبکہ ستمبر میں استعمال ہونے والے یونٹس کے حساب سے یہ رقم بل میں الگ ظاہر ہوگی۔دوسری جانب پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے صنعتی اور زرعی صارفین کے بنیادی بجلی ٹیرف میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ ان شعبوں کے لیے اضافی بجلی کے استعمال پر فی یونٹ نرخ 22 روپے 98 پیسے مقرر کیے گئے ہیں۔پاور ڈویژن کے مطابق ستمبر 2026 تک انکریمنٹل کنزمپشن پیکیج سے 2 لاکھ 9 ہزار 335 صنعتی اور زرعی صارفین نے فائدہ اٹھایا، جبکہ مجموعی طور پر 5 لاکھ 18 ہزار 316 صارفین اس پیکیج کے اہل تھے۔دسمبر 2025 سے ستمبر 2026 کے دوران اس پیکیج کے تحت 6 ہزار 940 گیگا واٹ آور اضافی بجلی استعمال کی گئی اور صنعتی و زرعی صارفین کو مجموعی طور پر 43 ارب 50 کروڑ روپے کا ریلیف فراہم کیا گیا۔حکام کے مطابق صنعتی صارفین کو اضافی بجلی کے استعمال پر 5 سے 10 روپے فی یونٹ تک رعایت ملی، جبکہ مجموعی بلوں میں اوسطاً ڈیڑھ سے ڈھائی روپے فی یونٹ تک کمی ریکارڈ کی گئی۔پاور ڈویژن کا مؤقف ہے کہ عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافے اور علاقائی کشیدگی کے باعث بجلی کی پیداواری لاگت بڑھ رہی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ اضافی کھپت کے ٹیرف میں تبدیلی کی تجویز کا مقصد بجلی کے مجموعی مالی بوجھ کو محدود رکھنا ہے۔مزید بتایا گیا ہے کہ مارچ 2024 کے مقابلے میں صنعتی بجلی کے نرخوں میں ٹیکس سمیت 18 روپے 94 پیسے فی یونٹ کمی کی جا چکی ہے، جبکہ اکتوبر 2026 میں صنعتی صارفین کے لیے بجلی کی اوسط قیمت 34 روپے 40 پیسے فی یونٹ رہی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں