پیٹرولیم لیوی اور عوامی ریلیف پر حکومت جماعت اسلامی مذاکرات، 10 نومبر کو فیصلہ کن دور ہوگا

لاہور: ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان جاری مذاکرات اور عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کی مذاکراتی سب کمیٹی اپنا اجلاس مکمل کر چکی ہے، جبکہ تکنیکی کمیٹی کے مذاکرات بھی ہو چکے ہیں۔ اب حکومت کی جانب سے پیٹرولیم لیوی میں ممکنہ کمی اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات سے متعلق پیش رفت کا انتظار ہے۔انہوں نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے درمیان مذاکرات کا حتمی دور 10 نومبر کو ہوگا۔ یہ اجلاس ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی میزبانی میں وزارت خارجہ کی عمارت میں منعقد کیا جائے گا۔دوسری جانب اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کے احتجاج کو پُرامن اور جمہوری قرار دیتے ہوئے کہا کہ احتجاج کے نتیجے میں عوام کو ریلیف دینے کے حوالے سے متعدد اہداف حاصل کیے جا چکے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کا معاملہ بھی زیر غور ہے اور حکومت اس حوالے سے حل تلاش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔اب تمام نظریں 10 نومبر کے مذاکرات پر مرکوز ہیں، جہاں پیٹرولیم لیوی اور عوامی ریلیف سے متعلق اہم پیش رفت متوقع ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں