آئرلینڈ کے فاسٹ بولر لیام میک کارتھی نے ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کرلیا

بریڈی: (ویب ڈیسک) آئرلینڈ کے فاسٹ بولر لیام میک کارتھی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں ناپسندیدہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔بریڈی کرکٹ کلب (شمالی آئرلینڈ) میں کھیلے گئے میچ کے دوران میک کارتھی نے چار اوورز میں 81 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کر سکے، جو ٹی 20 انٹرنیشنل کی تاریخ کا دوسرا مہنگا ترین سپیل ہے۔یہ کسی بھی ٹیسٹ کھیلنے والے ملک کے بولر کی جانب سے سب سے مہنگا سپیل قرار پایا، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20 اوورز میں 256 رنز بنائے جو ان کا ٹی 20 انٹرنیشنل میں دوسرا بڑا سکور ہے۔میک کارتھی کے خلاف 11 چوکے اور 5 چھکے لگائے گئے جبکہ آخری اوور میں انہیں 24 رنز کا سامنا کرنا پڑا، ان کا آغاز بھی مایوس کن رہا، جب پہلے اوور میں شیمرون ہیٹمائر اور ڈیبیو کرنے والے کیسی کارٹی نے 18 رنز بٹورے۔اگرچہ دوسرے اوور میں وہ کچھ بہتر بولنگ کرتے ہوئے صرف 6 رنز دے سکے لیکن آخری دو اوورز میں کارٹی اور روماریو شیفرڈ نے ان پر خوب ہاتھ صاف کیا اور محض 12 گیندوں پر دو چوکے اور 5 چھکے جڑ دیئے۔ٹی 20 انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ رنز دینے کا ریکارڈ گیمبیا کے موسیٰ جوبارٹے کے پاس ہے جنہوں نے 2024 میں زمبابوے کے خلاف 93 رنز دیئے تھے، ٹیسٹ نیشن میں میک کارتھی سے پہلے یہ ریکارڈ سری لنکا کے کسن راجیتھا کے پاس تھا جنہوں نے 2019 میں آسٹریلیا کے خلاف 75 رنز دیئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں