اسرائیلی وزیر بن گویر کا ویڈیو پیغام وائرل، فلسطینی قیدیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ

یروشلم:اسرائیل کے دائیں بازو کے سخت گیر وزیر برائے قومی سلامتی ایتامار بن گویر کا ایک ویڈیو پیغام عالمی سطح پر شدید غم و غصے کا باعث بن گیا، جس میں انہوں نے فلسطینی قیدیوں کو سزائے موت دینے کا مطالبہ کیا۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ ویڈیو خود بن گویر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری کی۔ ویڈیو میں اسرائیلی وزیر اُن فلسطینی قیدیوں کے سامنے کھڑے دکھائی دے رہے ہیں جن کے ہاتھ پشت پر بندھے ہوئے ہیں اور انہیں زمین پر اوندھا لٹایا گیا ہے۔

ویڈیو میں بن گویر قیدیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ:

“یہ لوگ ہمارے بچوں اور خواتین کو مارنے آئے تھے، انہیں زندہ رکھنے کی کوئی ضرورت نہیں، ان سب کو سزائے موت دی جانی چاہیے۔”

یہ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں نے سخت ردِعمل دیا ہے۔
تنظیموں کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزیر کا یہ عمل انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

سیاسی ماہرین کے مطابق بن گویر کا یہ بیان اسرائیلی حکومت کے اندر موجود انتہا پسندانہ سوچ کو ظاہر کرتا ہے، جو فلسطینیوں کے خلاف نسلی امتیاز اور تشدد کو مزید بڑھا رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں