بینظیر بھٹو جنرل اسپتال میں ڈاکٹر کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی تصویر وائرل، انتظامیہ نے نوٹس لے لیا

راولپنڈی:
بینظیر بھٹو جنرل اسپتال مری روڈ میں آرتھوپیڈک وارڈ میں تعینات ڈاکٹر کے مبینہ غیر پیشہ ورانہ رویے کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس کے بعد اسپتال انتظامیہ نے واقعے کا سخت نوٹس لے لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق آرتھوپیڈک وارڈ میں تعینات ڈاکٹر شایان پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے مریض کا معائنہ انتہائی غیر مناسب انداز میں کیا۔ وائرل ہونے والی تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکٹر سرکاری دفتر کو نجی کمرے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے کرسی پر بیٹھے میز پر پاؤں رکھ کر مریض کا معائنہ کر رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ گزشتہ شب پیش آیا، جس نے نہ صرف طبی اخلاقیات بلکہ سرکاری اسپتال کے ضابطۂ کار پر بھی سوالیہ نشان کھڑا کر دیا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اس رویے پر شدید تنقید کی جا رہی ہے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

تصویر وائرل ہونے کے بعد اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شرجیل سرفراز شیخ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو ضابطے کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کے احترام اور طبی اخلاقیات پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں