میلبورن: آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز کے چوتھے اور باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پہلے ہی دن غیر معمولی طور پر 20 وکٹیں گر گئیں، جس کے باعث میچ کے پانچ دن تک جاری رہنے کے امکانات تقریباً ختم ہو گئے ہیں۔
میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، تاہم آسٹریلوی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 152 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ جواب میں انگلینڈ کی بیٹنگ بھی لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم محض 110 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔
یوں آسٹریلیا نے پہلی اننگز کی بنیاد پر 42 رنز کی برتری حاصل کر لی۔ پہلے دن کے اختتام پر کینگروز نے اپنی دوسری اننگز میں بغیر کسی نقصان کے 4 رنز بنا لیے اور انگلینڈ کے خلاف مجموعی برتری 46 رنز ہو چکی ہے۔
میچ کے دوسرے دن کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق ہفتہ کی صبح 4 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔
واضح رہے کہ میزبان آسٹریلیا کو پانچ ٹیسٹ میچوں پر مشتمل ایشز سیریز میں پہلے ہی 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے پہلے اور دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 8، 8 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ تیسرے ٹیسٹ میں 82 رنز سے کامیابی حاصل کر کے سیریز اپنے نام کر لی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان مینز ایشز سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 4 سے 8 جنوری 2026 تک سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔









