ڈھاکا/نئی دہلی: بنگلادیش اور بھارت کے درمیان کرکٹ کے حوالے سے جاری کشیدگی نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے، جہاں بنگلادیش حکومت نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی نشریات روکنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بنگلادیش حکومت کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ سرکاری نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ملک بھر میں آئی پی ایل کی نشریات بند کر دی جائیں گی۔
اس سے قبل بھی بھارت کو ایک بڑی سبکی کا سامنا کرنا پڑا تھا، جب بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے اپنی قومی ٹیم کو بھارت بھیجنے سے انکار کر دیا تھا۔ بنگلادیشی بورڈ نے اعلان کیا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے اپنی ٹیم بھارت نہیں بھیجے گا اور اس فیصلے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو باضابطہ طور پر خط کے ذریعے آگاہ بھی کر دیا گیا تھا۔
بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا مؤقف تھا کہ بھارت میں کھلاڑیوں اور صحافیوں کی جان کو خطرات لاحق ہیں، اس لیے بنگلادیش کے میچز سری لنکا میں کرائے جانے چاہئیں۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اس فیصلے سے اسپورٹس ڈپلومیسی مزید متاثر ہونے کا امکان ہے۔









