بھارت نہ جانے کا فیصلہ درست ہے، شاہد آفریدی کی بنگلادیش کرکٹ بورڈ کی حمایت

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور جارح مزاج آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے اسے موجودہ حالات میں بالکل درست اور جواز پر مبنی قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے جو فیصلہ کیا ہے، وہ زمینی حقائق اور سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، جسے نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

شاہد آفریدی نے واضح کیا کہ آئی سی سی انڈین کرکٹ کونسل نہیں بلکہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ہے، اور اس کی ذمہ داری ہے کہ تمام رکن ممالک کے مفادات کا تحفظ کرے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بنگلادیش کے میچز کسی دوسرے محفوظ مقام پر منتقل کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ کرکٹ کے فروغ کے خواہاں ہیں، تاہم انہیں بھارت کی جانب سے مکمل اور مناسب تعاون نہ ملنے کے باعث صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ آئی سی سی اس معاملے پر واضح اور دوٹوک فیصلہ کرے تاکہ کرکٹ کو سیاست سے الگ رکھا جا سکے اور تمام ٹیموں کو یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں