پاکستان کی وزارت خارجہ نے ایرانی سفر کے حوالے سے تازہ ہدایت جاری کرتے ہوئے پاکستانی شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اپنی حفاظت اور سلامتی کے لیے حالات بہتر ہونے تک اسلامی جمہوریہ ایران کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
دفتر خارجہ کی ٹریول ایڈوائزری کے مطابق ایران میں مقیم پاکستانی شہری انتہائی احتیاط برتیں، چوکس رہیں اور غیر ضروری نقل و حرکت کو کم سے کم رکھیں۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ وہ پاکستانی سفارتی مشنز سے باقاعدہ رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد حاصل کی جا سکے۔
دوسری جانب، ایرانی صورتحال کے پیش نظر پاکستانی سفارتخانے نے شہریوں کی سہولت کے لیے کرائسس مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا ہے۔ تہران میں سفیر پاکستان مدثر ٹیپو نے کہا ہے کہ پاکستانی شہری 24 گھنٹے اس یونٹ سے رابطہ کر سکتے ہیں اور معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ اقدامات پاکستانی شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ایران میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے لیے بروقت رہنمائی فراہم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں۔









