اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری، بیرون ملک قیام کے دوران سم بلاک نہیں ہوگی

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی سہولت کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت اب اوورسیز پاکستانی بیرون ملک قیام کے دوران اپنی پاکستانی موبائل فون سم فعال رکھ سکیں گے۔

آواز نیوز کے مطابق پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد سمندر پار پاکستانیوں کو سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ اپنی موبائل سم کی ملکیت اور سروس میں تسلسل برقرار رکھ سکیں۔ اس اقدام کے بعد بیرون ملک رہائش کے باعث پاکستانی سم خودکار طور پر بلاک نہیں کی جائے گی۔

پی ٹی اے کے مطابق اوورسیز پاکستانی اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنی متعلقہ موبائل کمپنی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔ اس فیصلے سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پاکستان میں اپنے اہلِ خانہ، اداروں اور دیگر ضروری روابط برقرار رکھنے میں آسانی ہوگی۔

اتھارٹی کا مزید کہنا ہے کہ پی ٹی اے اوورسیز پاکستانیوں کو بااختیار بنانے کے لیے پُرعزم ہے اور عالمی سطح پر ڈیجیٹل رابطوں کے فروغ کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں