ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں روک دی گئیں

آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کی تیاریاں روک دی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سربراہ محسن نقوی کی ہدایات پر 7 فروری سے شروع ہونے والی تیاریوں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ٹیم مینجمنٹ سے متبادل پلان بھی طلب کر لیا ہے، تاکہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر آئندہ حکمت عملی ترتیب دی جا سکے۔ بورڈ کی جانب سے اس فیصلے کو وقتی قرار دیا جا رہا ہے تاہم حتمی لائحہ عمل تاحال سامنے نہیں آیا۔

ذرائع کے مطابق بنگلادیش کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے بھارت نہ جانے کے فیصلے پر پاکستان نے مکمل حمایت کی یقین دہانی کرا رکھی ہے، جس کے بعد خطے کی کرکٹ صورتحال مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔

کرکٹ حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آنے والے دنوں میں عالمی کرکٹ شیڈول اور ورلڈکپ تیاریوں پر اثرانداز ہو سکتا ہے، جبکہ شائقین کی نظریں اب پی سی بی کے آئندہ فیصلوں پر مرکوز ہیں۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں