انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں ایک اہم اور غیر متوقع فیصلہ کرتے ہوئے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم نے بھارت میں کھیلنے سے انکار کیا تھا، جس کے بعد آئی سی سی نے صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کو 24 گھنٹوں کی مہلت دی، تاہم مقررہ وقت میں معاملات حل نہ ہو سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو نے ہفتے کی صبح آئی سی سی بورڈ کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ بنگلادیش کے مطالبات آئی سی سی پالیسی سے مطابقت نہیں رکھتے اور بنگلادیش بورڈ آئی سی سی کے فیصلے پر عمل درآمد میں ناکام رہا۔
اسی بنیاد پر آئی سی سی نے حتمی قدم اٹھاتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے سے متعلق باضابطہ خط بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام کو بھی ارسال کر دیا گیا، جو آئی سی سی بورڈ کے رکن بھی ہیں۔
دوسری جانب آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ اسکاٹ لینڈ کو باضابطہ دعوت نامہ بھی بھجوا دیا گیا ہے، تاہم کرکٹ اسکاٹ لینڈ کی چیف ایگزیکٹو کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ کو یہ موقع ماضی کے آئی سی سی ایونٹس میں شاندار کارکردگی اور موجودہ عالمی درجہ بندی (14ویں نمبر) کی بنیاد پر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ گروپ بی میں تیسری پوزیشن پر رہا تھا، جبکہ 2021 کے ورلڈ کپ میں اسکاٹ لینڈ نے بنگلادیش کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔









