ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026: پاکستانی ٹیم کی کِٹ کی رونمائی ملتوی، شرکت سے متعلق فیصلہ پیر کو متوقع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2026 کے لیے پاکستانی ٹیم کی کِٹ کی رونمائی ملتوی کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق آج آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ کے ٹاس کے بعد کِٹ کی رونمائی ہونا تھی، تاہم پی سی بی ذرائع کے مطابق ناگزیر وجوہات کی بنیاد پر یہ تقریب مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ پیر کے روز متوقع ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ورلڈکپ سے باہر کیے جانے پر پی سی بی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اس فیصلے کو دوہرا معیار قرار دیا تھا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے حال ہی میں وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد اعلان کیا تھا کہ ورلڈکپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق فیصلہ جمعہ یا پیر کو کیا جائے گا۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کا باقاعدہ آغاز 7 فروری سے ہوگا، جبکہ پاکستان ٹیم اپنا پہلا میچ 7 فروری کو ہی نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں