سعودی کلب النصر کو امید ہے کہ پرتگال کے اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اپنا احتجاج ختم کرتے ہوئے ہفتے کو الفتح کے خلاف لیگ میچ میں دوبارہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔
رپورٹس کے مطابق رونالڈو کلب کے انتظامی اور مالی معاملات پر ناراضی کے باعث سعودی پرو لیگ کے گزشتہ دو میچز میں شریک نہیں ہوئے تھے۔ تاہم کلب حکام کی جانب سے یقین دہانیوں کے بعد ان کی واپسی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
النصر بدھ کو ترکمانستان میں ایشین چیمپئنز لیگ ٹو کا میچ بھی کھیلے گا، لیکن اس مقابلے میں رونالڈو کی شرکت تاحال مشکوک بتائی جا رہی ہے۔ انہوں نے الریاض اور الاتحاد کے خلاف میچز نہیں کھیلے، حالانکہ وہ گزشتہ ہفتے ٹریننگ سیشنز میں واپس آ چکے تھے۔
کلب انتظامیہ کو خدشہ تھا کہ رونالڈو کا احتجاج سعودی پرو لیگ اور ملک کے امیج کو متاثر کر سکتا ہے، جس پر لیگ حکام نے انہیں وارننگ بھی دی۔ رونالڈو کا مؤقف ہے کہ مالی سپورٹ کے معاملے میں ان کے کلب کو الہلال کے مقابلے میں نظر انداز کیا جا رہا ہے، خاص طور پر جنوری ٹرانسفر ونڈو میں الہلال کی بڑی خریداریوں پر وہ ناخوش تھے۔
دوسری جانب لیگ حکام کا کہنا ہے کہ فنڈنگ تمام کلبوں کے لیے یکساں ہے اور النصر اس سیزن میں پہلے ہی خاطر خواہ رقم خرچ کر چکا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ رونالڈو کی عدم موجودگی کے باوجود النصر نے اپنے مسلسل دو میچز جیتے ہیں۔
واضح رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو کے معاہدے میں ابھی 18 ماہ باقی ہیں۔









