پاکستانی ٹیم کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد معروف میزبان وکامیڈین تابش ہاشمی نے اپنے مخصوص طنزیہ انداز میں قومی کھلاڑیوں کو ٹرول کر دیا۔
نجی ٹی وی پروگرام کے دوران تابش ہاشمی نے نہ صرف قومی ٹیم کی کارکردگی پر دلچسپ انداز میں تنقید کی بلکہ بھارتی ٹیم اور کرکٹ بورڈ کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل کلپ میں وہ کہتے نظر آئے،
“خبر وہ ہوتی ہے جو اَن ہونی ہو، جو ہر بار ہوتی ہے وہ خبر نہیں کہلاتی… اور آج بھی ایسا ہی ایک دن تھا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ پروگرام میں محمد عامر، راشد لطیف اور احمد شہزاد جو پیش گوئیاں کر رہے تھے، وہی سب کچھ ہوا، حتیٰ کہ امریکا نے نمیبیا کو بھی شکست دے دی۔
تابش ہاشمی کے اس طنزیہ تبصرے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا جا رہا ہے، جہاں کچھ افراد نے اسے مزاحیہ قرار دیا تو کچھ نے سخت تنقید بھی کی۔









