پی ایس ایل 11 کا آغاز 26 مارچ سے، افتتاحی میچ لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان ہوگا

لاہور:
پاکستان سپر لیگ (PSL) کے گیارہویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور افتتاحی میچ کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں، جس کے مطابق ایونٹ کا آغاز 26 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ کے سی ای او سلمان نصیر نے ٹیم سیالکوٹ اسٹالینز کی ملکیت میں تبدیلی کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگزمین کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 11 کا مکمل شیڈول آئندہ چند دنوں میں جاری کر دیا جائے گا۔

سلمان نصیر کے مطابق لیگ کے میچز پشاور میں کرانے کے امکانات بھی زیر غور ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریکی ٹیم نے پشاور اسٹیڈیم کا دورہ کیا ہے اور ضروری انتظامات بہتر بنانے پر کام جاری ہے، کوشش کی جا رہی ہے کہ چند میچز پشاور میں بھی منعقد کیے جائیں۔

سیالکوٹ اسٹالینز کی ملکیت سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ او زی گروپ نے جنوری کے دوسرے ہفتے میں تمام مالی معاملات کلیئر کر دیے تھے اور بینک گارنٹی بھی لیگ انتظامیہ کے پاس موجود ہے، اس حوالے سے ڈیفالٹ کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گوہر شاہ جیسے متحرک نوجوان کا پی ایس ایل کا حصہ بننا خوش آئند ہے اور ان کے جذبے کو سراہتے ہیں۔

بیرون ملک فائنل یا میچ کے انعقاد کے سوال پر سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ اس سال یا آئندہ سال پی ایس ایل کا ایک میچ بیرون ملک کرانے سے متعلق فیصلہ چند روز میں کیا جائے گا۔


اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں