نئی دہلی/ڈھاکہ: بھارت کے سابق کرکٹر محمد کیف نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں پیش آنے والے متنازع واقعے پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔ بنگلہ دیشی کپتان مہدی حسن میراز کی جانب سے پاکستانی کپتان سلمان علی آغا کو غیر معمولی طریقے سے رن آؤٹ کیے جانے پر کیف نے کہا کہ وکٹ حاصل کرنے کی بے صبری اس طرز کے رن آؤٹ کو درست قرار نہیں دے سکتی .
کیا ہوا تھا؟
یہ واقعہ جمعرات 13 مارچ کو ڈھاکہ کے شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے 39ویں اوور میں پیش آیا۔ بنگلہ دیش نے پہلے بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 274 رنز پر آؤٹ کیا، تاہم میچ کا سب سے بڑا موضوع بحث سلمان آغا کا آؤٹ رہا .
مہدی حسن میراز کی گیند پر محمد رضوان نے اسٹریٹ ڈاون گراؤنڈ شاٹ کھیلا۔ گیند نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود سلمان آغا کی طرف گئی، جو کریز سے باہر تھے۔ سلمان نے گیند کو اٹھا کر واپس کرنے کی کوشش کی، لیکن میراز نے فوراً گیند حاصل کر کے اسٹمپ گرادیے، جبکہ سلمان ابھی تک کریز میں واپس نہیں آئے تھے۔ تھرڈ امپائر نے اسے آؤٹ قرار دیا، جس پر سلمان آغا نے شدید غصے کا اظہار کیا اور ہیلمٹ پھینک دیا .
کیف کا ردعمل
سابق بھارتی بلے باز محمد کیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارف X (سابقہ ٹوئٹر) پر اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے لکھا:
“یہ بالکل نہیں ہونا چاہیے تھا۔ وکٹ حاصل کرنے کی کوئی بھی بے صبری اس طرز کے رن آؤٹ کو جائز نہیں ٹھہرا سکتی۔ وہ بھی ایک کپتان کی جانب سے۔ نوجوانو براہِ کرم یاد رکھنا، چاہے ورلڈ کپ فائنل داؤ پر لگا ہو، وہ ہرگز مت کرنا جو بنگلہ دیشی کپتان نے کیا۔ فیئر پلے کے بغیر کھیل کھیل نہیں رہتا” .
دونوں کپتانوں کا مؤقف
سلمان علی آغا نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ وہ اس واقعے پر گرم جوشی کا شکار ہو گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا:
“میرے خیال میں اسپورٹس مین اسپرٹ ہونا چاہیے۔ انہوں نے جو کیا وہ قانون کے مطابق ہے۔ اگر وہ اسے درست سمجھتے ہیں تو ٹھیک ہے، لیکن اگر آپ مجھ سے پوچھیں تو میں مختلف طریقے سے کام لیتا۔ میں اسپورٹس مین اسپرٹ کو ترجیح دیتا۔ ہم نے ماضی میں ایسا نہیں کیا اور مستقبل میں بھی نہیں کریں گے” .
دوسری جانب مہدی حسن میراز نے اپنے دفاع میں کہا کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے آؤٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ اسٹمپ نہ مار پاتے تو سلمان دوڑ کر اوور تھرو لے سکتے تھے .
بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر لتن داس نے بھی میراز کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ “کوئی بھی یہاں چیریٹی لیگ کھیلنے نہیں آیا، یہ انٹرنیشنل میچ ہے” .
میچ کا نتیجہ
اس واقعے کے باوجود پاکستان نے یہ میچ 128 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے 15 مارچ کو کھیلا جائے گا .









