امریکی بحریہ کا 200 ملین ڈالر کا جدید ڈرون ‘ایم کیو-4 سی ٹرائٹن’ آبنائے ہرمز کے اوپر سے لاپتہ

واشنگٹن/نئی دہلی (خبر ایجنسی) – بھارتی میڈیا کے مطابق، امریکی بحریہ کا مہنگا ترین اور جدید ترین بغیر پائلٹ نگرانی کرنے والا ڈرون MQ-4C Tritan خلیج فارس اور آبنائے ہرمز کے اوپر نگرانی کے مشن کے دوران اچانک لاپتہ ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ڈرون نے تقریباً 3 گھنٹے تک خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں نگرانی مکمل کی تھی اور وہ اٹلی میں واقع اپنے اڈے نیول ایئر اسٹیشن سگونیلا واپس جا رہا تھا کہ اس کی فلائٹ پاتھ میں غیرمعمولی تبدیلی ریکارڈ کی گئی۔

فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ کے مطابق، ڈرون نے پہلے ہنگامی کوڈ 7700 (جنرل ایمرجنسی) اور پھر کوڈ 7400 (رابطہ منقطع) جاری کیا، جس کے فوری بعد اس نے اپنی سمت بدلتے ہوئے ایران کی طرف معمولی موڑ لیا۔ اس کے بعد ڈرون تیزی سے اپنی معمول کی 50,000 فٹ کی بلندی کھوتا ہوا 10,000 فٹ سے نیچے چلا گیا اور پھر ریڈار سے مکمل طور پر غائب ہو گیا۔

ابھی تک یہ واضح نہ ہو سکا کہ ڈرون تکنیکی خرابی کا شکار ہو کر حادثے کا نشانہ بنا ہے یا اسے مار گرایا گیا ہے۔ امریکی بحریہ اور سینٹرل کمانڈ (CENTCOM) کی جانب سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا۔

یاد رہے کہ MQ-4C ٹرائٹن امریکی بحریہ کا سب سے مہنگا ڈرون ہے جس کی قیمت تقریباً 200 ملین ڈالرز ہے۔ 2025ء تک امریکی بحریہ کے پاس ایسے 20 ڈرون موجود تھے جبکہ مزید 7 خریدنے کا منصوبہ ہے۔

یہ واقعہ امریکہ اور ایران کے درمیان حالیہ جنگ بندی کے معاہدے کے بعد پیش آیا ہے، جس سے خطے میں نئی کشیدگی پیدا ہونے کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں