عراقچی کی جرمن ہم منصب سے گفتگو: ‘مذاکرات بے اعتمادی کے ماحول میں جا رہے ہیں ‘

ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے جرمن ہم منصب یوان واڈیفول سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق، گفتگو کے دوران عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران امریکا کے ساتھ بے اعتمادی کے ماحول میں مذاکرات میں شامل ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بے اعتمادی کی بنیادی وجہ امریکا کی وعدہ خلاف ورزی اور سفارتی دھوکا دہی ہے۔

عراقچی نے واضح کیا کہ ایران بھرپور اتھارٹی کے ساتھ اپنے عوام کے مفادات اور حقوق کا تحفظ کرے گا۔

واضح رہے کہ جنگ بندی مذاکرات کے سلسلے میں امریکا اور ایران کے وفد اس وقت اسلام آباد میں موجود ہیں۔ ایران سے جامع جنگ بندی مذاکرات کے لیے امریکا کے نائب صدر جے ڈی وینس اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اسٹیو وٹکوف اور داماد جیرڈ کشنر بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔

دوسری جانب ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں اسلام آباد آیا ایرانی وفد تقریباً 70 افراد پر مشتمل ہے، جس میں مرکزی مذاکرات کاروں کے ساتھ ساتھ 26 رکنی ٹیکنیکل اور خصوصی کمیٹیوں کے افراد بھی شامل ہیں۔ یہ کمیٹیاں معاشی، سیکیورٹی اور سیاسی امور سے متعلق ہیں تاکہ اس انتہائی حساس مذاکرات میں بروقت مشاورت فراہم کی جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں