ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان حالیہ مذاکرات میں متعدد امور پر اتفاق رائے پایا گیا تاہم دو سے تین نکات پر اختلافات کی وجہ سے حتمی ڈیل طے نہیں ہو سکی۔
ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بقائی کا کہنا تھا کہ ایک ہی ملاقات میں کسی بڑے معاہدے کی توقع رکھنا غیر حقیقت پسندانہ ہوگا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ فریقین کچھ معاملات پر قریب آگئے تھے مگر بعض نکات پر موقف میں فرق بدستور موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سفارت کاری کا سلسلہ کبھی ختم نہیں ہوتا اور یہ قومی مفادات کے تحفظ کا ایک اہم ذریعہ ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ مذاکرات کا یہ دور پچھلے ایک سال کے دوران سب سے طویل تھا جو تقریباً 24 سے 25 گھنٹے مسلسل جاری رہا۔ بقائی نے کہا کہ کسی کو بھی یہ توقع نہیں ہونی چاہیے تھی کہ ایک ہی نشست میں معاہدہ طے پا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران خطے میں پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ مسلسل رابطے اور مشاورت میں رہے گا









