اسلام آباد (ویب ڈیسک) – ایران سے تعلق رکھنے والے نوجوان تخلیق کاروں نے ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی پالیسیوں کے خلاف ایک منفرد اور مؤثر ’نیریٹو وار‘ چھیڑ دی ہے۔ خبر رساں ادارے ’الجزیرہ‘ کی ایک خصوصی رپورٹ کے مطابق یہ ایرانی گروپ کم بجٹ کے باوجود انتہائی اعلیٰ معیار کی لیگو طرز کی اینیمیٹڈ ویڈیوز تیار کر رہا ہے، جو عالمی سطح پر وائرل ہو رہی ہیں۔
’ایکسپلوسیو میڈیا‘ نامی اس گروپ میں 19 سے 25 سال کی عمر کے تقریباً 10 نوجوان شامل ہیں۔ ان کی تیار کردہ ایک وائرل ویڈیو میں تاریخی سانحات کو دکھایا گیا ہے، جن میں افریقی نژاد امریکیوں کی غلامی، جاپان کے شہروں ہیروشیما اور ناگاساکی پر ایٹم بم حملے، ابو غریب جیل کے قیدیوں پر تشدد، اور ایران ایئر فلائٹ 655 کے 290 مسافروں کی ہلاکت جیسے واقعات شامل ہیں۔ ویڈیو کے اختتام پر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے مجسمے گرتے ہوئے دکھائے گئے ہیں جس کے ساتھ ایک پیغام درج ہے: ’انتقام سب کے لیے۔‘
گروپ کا دعویٰ ہے کہ وہ آزادانہ طور پر کام کرتا ہے لیکن ایرانی میڈیا ان کا مواد خرید کر نشر کرتا ہے۔ گوگل کی ملکیت والی ویب سائٹ یوٹیوب نے اس چینل کو تشدد کو فروغ دینے کے الزام میں بند کر دیا تھا، جسے گروپ نے ’سچائی کو دبانے کی کوشش‘ قرار دیا ہے۔
دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیوز محض تفریح کا ذریعہ نہیں بلکہ ایک مؤثر ’پروپیگنڈا اسٹریٹجی‘ کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے تجزیہ کار فصیح زکاء کے مطابق ایران کو علم ہے کہ وہ عسکری میدان میں امریکا کا مقابلہ نہیں کر سکتا، اس لیے وہ عالمی رائے عامہ کو متاثر کرنے کے لیے امریکی معاشرتی تقسیم، ایپسٹین اسکینڈل اور ’میگا‘ سیاست کو نشانہ بنا رہا ہے۔









