امریکی ناکہ بندی کے باوجود پاکستانی آئل ٹینکر آبنائے ہرمز عبور کر کے کراچی روانہ

کراچی (ویب ڈیسک) – امریکی بحریہ کی جانب سے ایرانی بندرگاہوں پر عائد ناکہ بندی کے باوجود پاکستانی پرچم والا ایک آئل ٹینکر کامیابی سے آبنائے ہرمز کو عبور کر گیا ہے۔ خبر رساں ادارے ‘بلوم برگ’ کی رپورٹ کے مطابق امریکی ناکہ بندی کے نفاذ کے بعد خام تیل لے کر آبنائے ہرمز سے نکلنے والا یہ پہلا تجارتی جہاز ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ٹینکر گزشتہ ہفتے کے آخر میں خلیج فارس میں داخل ہوا تھا اور اب یہ واپس کراچی پورٹ کی جانب روانہ ہے۔ شپنگ ذرائع کے مطابق جہاز پر تقریباً 8 کروڑ لیٹر خام تیل موجود ہے اور اس کے 2 دن کے اندر کراچی بندرگاہ پر پہنچنے کی توقع ہے۔

دوسری جانب امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران اپنے سخت مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی بندرگاہوں پر عائد بحری ناکہ بندی “جب تک ضرورت ہو گی” جاری رہے گی۔ انہوں نے یہ بھی خبردار کیا کہ اگر ضرورت پڑی تو امریکا ایران کی توانائی کی تنصیبات پر حملے کے لیے بھی پوری طرح تیار ہے۔

ہیگسیتھ نے تاہم اس بات پر زور دیا کہ امریکا سفارتی حل کو ترجیح دیتا ہے، لیکن قومی مفادات کے تحفظ کے لیے طاقت کا استعمال بھی کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ امریکی وزیرِ دفاع کا یہ بیان گزشتہ ہفتے طے پانے والی عارضی جنگ بندی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں