“ایک گھنٹے میں سات دعوے، ساتوں جھوٹے”؛ قالیباف کی ٹرمپ کو دو ٹوک، آبنائے ہرمز میدان میں طے ہوگی نہ کہ سوشل میڈیا پر

تہران (ویب ڈیسک) — ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار محمد باقر قالیباف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ “ٹرمپ نے ایک گھنٹے میں سات دعوے کیے اور ساتوں جھوٹے ہیں۔”

قالیباف نے ایک بیان میں زور دے کر کہا کہ اس قسم کے سوشل میڈیا بیانات سے نہ تو امریکا کو فاتح سمجھا جا سکتا ہے اور نہ ہی مذاکرات میں کوئی حقیقی پیش رفت ممکن ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال کا تعین میدانِ عمل کی حقیقت سے ہوگا، نہ کہ ٹوئٹر یا ٹروتھ سوشل جیسے پلیٹ فارمز پر کیے گئے دعوؤں سے۔

ان کا کہنا تھا: “اگر امریکا کی جانب سے گزرگاہ پر رکاوٹیں جاری رہیں تو آبنائے ہرمز کھلی نہیں رہے گی۔ تجارتی جہازوں کی آمدورفت مخصوص راستوں سے اور صرف ایران کی اجازت سے ہوگی۔”

ایرانی سپیکر نے مزید کہا کہ میڈیا وار اور عوامی رائے کو انجینئر کرنا جدید جنگ کا حصہ ہے، لیکن ایرانی عوام ان حربوں سے متاثر نہیں ہوتے۔ انہوں نے عالمی میڈیا کو مشورہ دیا کہ اگر مذاکرات سے متعلق حقیقی معلومات درکار ہوں تو وہ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا براہِ راست انٹرویو دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں