ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کی اعلیٰ قیادت سے ٹیلیفونک رابطے کرتے ہوئے خطے کی کشیدہ صورتحال اور امریکا کے ساتھ ممکنہ جنگ بندی پر اہم مشاورت کی ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی۔
دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس رابطے میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی، جنگ بندی کی کوششوں اور خطے میں امن و استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر مسائل کے حل کے لیے مسلسل سفارتی مذاکرات کی اہمیت پر زور دیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دوسری جانب برطانوی جریدے کے مطابق حالیہ ایران–امریکا کشیدگی میں پاکستان نے اہم سفارتی کردار ادا کیا، جس سے عالمی سطح پر اس کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے۔









