ایران پر ممکنہ حملہ: اسرائیل امریکا کے گرین سگنل کا منتظر

اسرائیل کے وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے اسرائیل مکمل طور پر تیار ہے اور امریکا کے گرین سگنل کا انتظار کر رہا ہے۔

ایک ویڈیو بیان میں اسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی افواج دفاعی اور جارحانہ دونوں محاذوں پر تیار ہیں اور اہداف پہلے ہی طے کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ کارروائی کے دوران ایران کی توانائی اور بجلی کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جائے گا تاکہ اس کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچایا جا سکے۔

اسرائیل کاٹز کے مطابق اسرائیل امریکا کی منظوری کا منتظر ہے تاکہ اگلے مرحلے میں ایرانی قیادت کو نشانہ بنایا جا سکے اور کارروائی کو مزید فیصلہ کن بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ممکنہ حملہ پہلے سے کہیں زیادہ مہلک اور وسیع ہوگا اور حساس مقامات کو نشانہ بنا کر ایران کے ریاستی ڈھانچے کو کمزور کیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 اپریل سے جاری عارضی جنگ بندی میں غیر معینہ مدت تک توسیع کا اعلان کیا ہے تاکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کے لیے گنجائش پیدا کی جا سکے، تاہم خطے میں کشیدگی تاحال برقرار ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں