ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کی پاکستان میں اہم ملاقاتیں، تہران کا جامع سفارتی جواب پیش

ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کے دوران مختلف تجاویز پر تہران کا باضابطہ اور جامع جواب پیش کر دیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس جواب میں ایران کے تمام اہم تحفظات اور سفارتی نکات شامل ہیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان خطے میں کشیدگی کم کرنے اور فریقین کے درمیان مذاکرات کو فروغ دینے میں فعال کردار ادا کر رہا ہے۔ ملاقات میں محسن نقوی اور قومی سلامتی کے مشیر عاصم ملک بھی شریک تھے، جبکہ ایرانی وفد میں نائب وزیرِ خارجہ غریب آبادی اور سفیر امیری مقدم شامل تھے۔

سفارتی ذرائع کے مطابق عباس عراقچی آج وزیرِاعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے بعد وہ پاکستان سے روانہ ہو جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایرانی وفد مختصر قیام کے بعد عمان اور روس کا دورہ کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں