وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل، خصوصاً قیمتی پتھروں سے مالا مال ہے اور اس شعبے کو ترقی دے کر برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملک میں تین سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ یہ شعبہ مقامی وسائل کے مؤثر استعمال سے معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اجلاس میں انہوں نے معاونِ خصوصی ہارون اختر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ سینٹرز آف ایکسیلینس کے قیام میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے۔
وزیرِ اعظم نے قیمتی پتھروں کی برآمدات میں اضافے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرنے کی ذمہ داری وزارتِ منصوبہ بندی کو سونپ دی۔ اعلامیے کے مطابق وزارت جلد حکمتِ عملی مرتب کر کے وزیرِ اعظم کو پیش کرے گی۔
اجلاس میں قیمتی پتھروں کی کان کنی اور پراسیسنگ کے جدید طریقوں کے فروغ پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد اس شعبے کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔








