پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا ،معرکۂ حق قومی یکجہتی کی جیت ہے،بلاول بھٹو

بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کبھی سرینڈر نہیں کرے گا اور نہ ہی کسی دباؤ کو برداشت کرے گا، ہم سمجھوتہ کرنے والی قوم نہیں ہیں، معرکۂ حق پوری قوم کی یکجہتی اور عزم کی جیت ہے۔

کراچی میں ’معرکۂ حق‘ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان غیر یقینی صورتحال کا شکار تھا، تاہم آج قوم کے اتحاد نے دشمن کے تمام اندازے غلط ثابت کر دیے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن یہ سمجھتا تھا کہ پاکستان کو کمزور کیا جا سکتا ہے، مگر وہ قوم کے عزم اور حوصلے سے واقف نہیں تھا۔ یہ کامیابی صرف ہتھیاروں کی نہیں بلکہ قومی یکجہتی، ثابت قدمی اور اجتماعی طاقت کی جیت ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے میدان جنگ میں جرأت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کو شکست دی، جبکہ پاکستانی سفارت کاروں نے عالمی سطح پر مؤثر انداز میں ملک کا مؤقف پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’معرکۂ حق‘ پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہرا باب ہے اور اس کامیابی کے بعد اب قوم کی ذمہ داری ہے کہ ملک کو مزید مستحکم اور مضبوط بنایا جائے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، تاہم امن باہمی عزت، احترام اور برابری کی بنیاد پر ہی ممکن ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شمال کے پہاڑوں سے لے کر بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی، جس نے اتحاد و یکجہتی کی نئی مثال قائم کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں