بنوں میں پولیس چوکی پر دہشتگرد حملہ، افغان ناظم الامور کی دفترِ خارجہ طلبی

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) — پاکستان نے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں فتح خیل پولیس چوکی پر 9 مئی کو ہونے والے مہلک دہشت گرد حملے کے تناظر میں افغان ناظم الامور (قائم مقام سفیر) کو دفترِ خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ تحقیقات سے حملے کی منصوبہ بندی میں افغان سرزمین کے استعمال کی تصدیق ہوئی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ طاہر حسین اندرابی نے میڈیا کو جاری بیان میں بتایا کہ افغان ناظم الامور کو ایک سخت احتجاجی مراسلہ (ڈیمارش) تھمایا گیا۔

انہوں نے کہا، “9 مئی کے دہشت گرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے تھے۔ تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلی جنس سے یہ ثابت ہو چکا ہے کہ اس حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے کی۔”

“اپنی سرزمین کے استعمال کی اجازت نہ دیں”
دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے افغان سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال کیے جانے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے اس موقع پر یہ بھی واضح کر دیا کہ وہ “اس بزدلانہ حملے کے ذمے داروں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔”

طاہر حسین اندرابی نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کی رپورٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان میں افغان سرزمین پر دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا، “افغان طالبان اپنی سرزمین دوسرے ممالک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دینے کے اپنے وعدے پر عمل کریں۔”

مذاکرات کی ناکامی اور سخت مؤقف
ترجمان نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے دوست ممالک کی ثالثی میں افغان طالبان کے ساتھ کئی ادوار میں مذاکرات کیے، لیکن افغان طالبان دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ پاکستان نے خاص طور پر “فتنہ الخوارج”، “فتنہ الہندوستان” اور داعش کے عناصر کے خلاف قابلِ تصدیق کارروائی پر زور دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے بیان میں کہا گیا، “پاکستان اپنی قومی سلامتی اور اپنے شہریوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔”

یہ سفارتی پیش رفت پاکستان اور افغانستان کے درمیان بڑھتی ہوئی سیکیورٹی کشیدگی کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے، جس میں پاکستان بارہا بارڈر پار دہشت گردی کے خلاف سخت اقدامات کا اشارہ دے چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں