پاکستان کی دنیا کی دوسری بڑی کیپیٹل مارکیٹ تک رسائی، پانڈا بانڈ کا اجراء معاشی اعتماد کا مظہر ہے: وزیر خزانہ

بیجنگ/اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلی بار چین کی مقامی سرمایہ مارکیٹ تک رسائی حاصل کرتے ہوئے دنیا کی دوسری بڑی کیپیٹل مارکیٹ میں قدم رکھ دیا ہے۔

چینی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے پانڈا بانڈ کے اجراء کو پاکستان اور چین کے مالیاتی تعاون کا نیا باب قرار دیا۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کا اجراء پاکستان کی معاشی ساکھ پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے، جس سے پاکستان اور چین کے مالیاتی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک چوتھائی تجارت آر ایم بی اور یوآن میں ہو رہی ہے، اور پانڈا بانڈ کا اجراء آر ایم بی کی عالمی سطح پر پزیرائی میں بھی معاون ثابت ہو گا۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ سی پیک فیز ٹو میں کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری پر توجہ دی جا رہی ہے اور پاکستان اور چین کی اقتصادی ترجیحات ایک دوسرے سے مکمل ہم آہنگ ہیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت معاشی اصلاحات، مالیاتی نظم و ضبط اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ ٹیکس، توانائی اور سرکاری اداروں میں اصلاحات سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ علاقائی صورتِ حال کے باوجود پاکستان نے معاشی استحکام برقرار رکھا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں