اسلام آباد (ویب ڈیسک) – وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پچھلے دو بجٹ میں آئی ایم ایف کے کہنے پر ٹیکس لگانے پڑے، جس سے ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا اور عوام کو بے پناہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
بجٹ کی منظوری کے لیے بلائے گئے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اس وقت ہچکولے کھاتی معیشت کو سنبھالنے کے لیے مشکل فیصلے ناگزیر تھے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ان اقدامات کی وجہ سے عوام کو مہنگائی کا بھاری بوجھ برداشت کرنا پڑا، جس پر وہ 24 کروڑ عوام سے معذرت کرتے ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب بہتری کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنا چاہتی تھی، تاہم مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور تنازعے کی وجہ سے کچھ رکاوٹیں پیدا ہوئی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت موجودہ چیلنجز کے باوجود عوام کی مشکلات کم کرنے اور معاشی استحکام کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھے گی۔









