فیفا ورلڈ کپ 2026 کو شروع ہوئے ابھی صرف 10 دن گزرے ہیں لیکن ٹورنامنٹ پہلے ہی کئی یادگار ریکارڈز کا گواہ بن چکا ہے۔ لیونل میسی، کائلیان ایمباپے، ہیری کین اور ایرلنگ ہالینڈ جیسے اسٹارز نے ابتدائی میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نئی تاریخ رقم کرنے کی بنیاد رکھ دی ہے۔
ارجنٹائن کے کپتان لیونل میسی نے الجزائر کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کرکے ورلڈ کپ میں اپنے گولوں کی تعداد 16 تک پہنچا دی اور جرمنی کے میروسلاو کلوزے کے ریکارڈ کے برابر ہو گئے۔ اب میسی اگلے میچ میں یہ ریکارڈ تنہا اپنے نام کرنے کے قریب ہیں۔
فرانس کے کائلیان ایمباپے 14 ورلڈ کپ گولوں کے ساتھ میسی اور کلوزے سے صرف دو گول پیچھے ہیں اور فرانس کی تاریخ کے سب سے زیادہ ورلڈ کپ گول کرنے والے کھلاڑی بن چکے ہیں۔
انگلینڈ کے ہیری کین نے کروشیا کے خلاف دو گول کرکے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کے لیے اپنے گولوں کی تعداد 10 تک پہنچائی اور گیری لائنکر کا ریکارڈ برابر کر دیا۔
پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو پہلے میچ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے تاہم وہ چھ مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں شرکت کرنے والے دنیا کے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ 41 سالہ رونالڈو ورلڈ کپ میں میدان میں اترنے والے معمر ترین آؤٹ فیلڈ کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
ناروے کے ایرلنگ ہالینڈ نے عراق کے خلاف دو گول کرکے اپنے ملک کی ورلڈ کپ تاریخ کے مشترکہ ٹاپ اسکورر کا اعزاز حاصل کر لیا۔
کیپ وردے کے گول کیپر ووزینیا نے اسپین کے خلاف اپنی ٹیم کے ڈیبیو ورلڈ کپ میچ میں شاندار کارکردگی دکھا کر کئی ریکارڈ قائم کیے۔
ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں اب تک چھ ریڈ کارڈز بھی دکھائے جا چکے ہیں جو اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ ورلڈ کپ ریکارڈز کے ساتھ ساتھ سنسنی خیز لمحات کے حوالے سے بھی یادگار ثابت ہوگا۔









