زیارت میں پولیس چوکی پر دہشت گرد حملہ، 9 اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 15 دہشت گرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے مانگی میں پولیس چوکی پر مسلح دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 9 اہلکار شہید ہوگئے۔ ایس پی زیارت عبدالقدوس کے مطابق، فائرنگ کے تبادلے میں 9 پولیس اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، جن کی میتیں ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان کے معاون شاہد رند نے بتایا کہ “فتنہ الخوارج” کے دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا کلیئرنس آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے، جس میں ایف سی، پولیس، سی ٹی ڈی، ایس او ڈبلیو اور اے ٹی ایف نے حصہ لیا۔ کلیئرنس آپریشن کے دوران 15 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔

شاہد رند کے مطابق، شہید ہونے والوں میں ایس ایچ اوز تھانہ منگی اور تھانہ کواس، اے ٹی ایف انچارج اور دیگر اہلکار شامل ہیں۔ دوسری جانب ڈی ایس پی غلام سرور سمیت 8 پولیس اہلکار بحفاظت تھانہ کاچ پہنچ گئے، جبکہ کانسٹیبل رضوان کو بھی بازیاب کرا لیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں