جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ دہشت گردی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران بارودی مواد سے بھری ایک گاڑی اور ایک موٹر سائیکل کو تباہ کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن میں ایک مبینہ خارجی ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق بارودی مواد سے بھری گاڑی کو ممکنہ خودکش حملے سے قبل ہی نشانہ بنایا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گاڑی میں موجود دھماکا خیز مواد کسی ممکنہ دہشت گرد کارروائی میں استعمال کیا جانا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ گاڑی کی مسلسل تین روز تک نگرانی کی گئی اور جب وہ آبادی سے دور پہنچی تو کارروائی کی گئی تاکہ شہریوں کی جان و مال کو کسی بھی ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اس آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہری آبادی کے تحفظ کو ترجیح دی۔









