ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیرِ اعظم اینڈی برنہم کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی سلامتی اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر گفتگو کی گئی۔
سعودی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے اینڈی برنہم کو برطانیہ کا وزیرِ اعظم بننے پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم نے مبارک باد پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
گفتگو کے دوران اینڈی برنہم نے حوثی ملیشیا کے حملوں اور بحیرۂ احمر میں بین الاقوامی جہاز رانی کو لاحق خطرات کی مذمت کی اور سعودی عرب کی سلامتی، استحکام اور خودمختاری کے لیے برطانیہ کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے امکانات کا جائزہ لیا، جبکہ خطے اور دنیا کی موجودہ صورتحال سمیت اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا۔









