مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے کی پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹنگ ہو رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق بعض پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ کا عمل معمول کے مطابق جاری ہے، جبکہ کچھ مقامات پر ووٹرز کی کم آمد کے باعث پولنگ کا آغاز تاخیر سے ہوا۔
بھمبر کے حلقہ ایل اے-7 سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری طارق فاروق نے اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد کہا کہ دیہی علاقوں میں ووٹنگ کا تناسب شہری علاقوں کے مقابلے میں زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ انہوں نے ضلع بھمبر میں امن و امان اور انتخابی انتظامات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کے ہمراہ ویڈیو پیغام میں کشمیری عوام سے بھرپور انداز میں حقِ رائے دہی استعمال کرنے اور پارٹی امیدواروں کی حمایت کی اپیل کی۔
پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سعید غنی، ندیم افضل چن، شازیہ مری، راجہ پرویز اشرف، محمد ہمایوں خان اور نیر بخاری نے بھی مختلف بیانات میں شفاف انتخابات، عوامی مینڈیٹ کے احترام اور ووٹرز کی بھرپور شرکت پر زور دیا۔ بعض رہنماؤں نے انتخابی بے ضابطگیوں اور وفاقی مداخلت سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
ادھر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے بھمبر کے چند پولنگ اسٹیشنز پر ہنگامہ آرائی کا دعویٰ کیا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی مداخلت کے بعد پولنگ دوبارہ شروع ہونے کی اطلاع دی گئی۔
دوسری جانب آئی جی پولیس آزاد کشمیر کے ترجمان نے کہا کہ پہلے مرحلے کی پولنگ مجموعی طور پر پرامن ماحول میں جاری ہے اور عوام نے انتشار کے بجائے ووٹ ڈالنے کو ترجیح دی۔ آئی جی پولیس لیاقت علی ملک نے بھی عوام کے تعاون کو سراہتے ہوئے واضح کیا کہ قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔









