کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے بنیادی شرحِ سود (پالیسی ریٹ) 11.50 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی زیرِ صدارت مانیٹری پالیسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جہاں ملک کی معاشی صورتحال، مہنگائی کے رجحانات اور دیگر اہم اقتصادی اشاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پاکستان کی معیشت پر ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد کمیٹی نے پالیسی ریٹ کو موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق شرحِ سود کو برقرار رکھنے کا مقصد معاشی استحکام، مہنگائی پر قابو پانے اور مستقبل کے معاشی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن مالیاتی پالیسی کو جاری رکھنا ہے۔









