واشنگٹن: امریکا نے نیویارک میں موجود ایرانی اقوامِ متحدہ مشن کے حکام اور ان کے ہمراہ دیگر افراد پر لگژری اشیاء کی خریداری کی پابندی برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان ٹومی پیگوٹ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر جاری بیان میں کہا کہ ایرانی حکام کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک میں قیام کے دوران لگژری اشیاء خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
انہوں نے نیویارک کے ریٹیلرز کو بھی خبردار کیا کہ وہ ان پابندیوں سے آگاہ رہیں اور ممنوعہ خریداری میں ایرانی وفد کی معاونت سے گریز کریں۔
رپورٹس کے مطابق امریکی انتظامیہ نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام کو آئندہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کے لیے ویزے دینے کی منظوری دے دی ہے۔ تاہم ایرانی وفد کو سفری اور خریداری سے متعلق بعض پابندیوں کا سامنا رہے گا۔
امریکی حکومت کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران کے اعلیٰ حکام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک پہنچنے کی تیاری کر رہے ہیں۔









