وزیراعظم کا وزیرستان میں 3جی، 4جی انٹر نیٹ سروس بحال کرنے کا اعلان

جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں کامیاب جوان پروگرام کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ پیچھے رہ جانے والے لوگوں اور علاقوں کو آگے لے کر آئیں، جو علاقے پیچھے رہے گئے ہیں ان میں اسکول اور کالج کھولیں گے، اقتدار میں آنے سے پہلے میانوالی میں نمل یونیورسٹی قائم کی تھی،جنوبی وزیرستان میں بھی اسکول، کالج اور یونیورسٹی بنائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت نوجوان ہیں، اگر انہیں اچھی تعلیم و فنی تربیت دی جائے تو وہ ناصرف اپنے خاندان بلکہ ملک کو بھی معاشی لحاظ سے اوپر لے جائیں گے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ تباہی اس علاقے میں ہوئی، ہماری پوری کوشش ہوگی کہ وزیرستان کی ہر طرح سے مدد کی جائے، یہاں کے نوجوانوں کو سب سے زیادہ ضرورت روزگار کی ہے۔ آئندہ سال یہاں کے نوجوانوں کو اور زیادہ قرضے دیئے جائیں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگ ہمیشہ پاکستان کے لیے کھڑے ہوئے ہیں، کئی لوگوں نے کوشش کی کہ قبائلی علاقے صوبے میں ضم نہ ہوں، وقت ثابت کرے گا یہ قبائلی علاقوں کے لئے بہترین فیصلہ تھا۔ ہمارا دشمن پوری کوشش کررہا ہے کہ پاکستان میں انتشار پھیلے، بلوچستان اور وزیرستان میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ بھارت پاکستان میں انتشار پھیلانے کی پوری کوشش کر رہا ہے، اس کے لئے موبائل فون پر انٹر نیٹ سروس کو استعمال کیا جارہا ہے۔ میں نے فوج سے بات کی اور ہم نے فیصلہ کیا کہ یہ سہولت فراہم کی جائیں۔ آج سے وزیرستان میں 3 جی اور 4 جی سروس کھول دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں