پیرس: (ویب ڈیسک) فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ برگیٹ میکرون کے درمیان ویتنام آمد پر طیارے میں ہونے والے مبینہ ”تھپڑ“ کے واقعے نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی ہے۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب دونوں میاں بیوی جنوب مشرقی ایشیا کے دورے کے پہلے مرحلے پر ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی پہنچے۔سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسے ہی طیارے کا دروازہ کھلتا ہے، ایمانوئل میکرون نمودار ہوتے ہیں، اسی لمحے برگیٹ میکرون کی بانہیں بائیں طرف سے آتی ہیں اور وہ دونوں ہاتھوں سے میکرون کے چہرے کو ایک جھٹکے سے پیچھے دھکیلتی ہیں۔ میکرون لمحاتی طور پر حیرت زدہ نظر آتے ہیں لیکن فوراً خود کو سنبھالتے ہوئے باہر موجود ہجوم کی جانب ہاتھ ہلاتے ہیں۔
