اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان ملک کے معروف ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد صنعتی شعبے کو ریلیف فراہم کرنا اور پیداوار کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کا بنیادی کردار خود کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروباری سرگرمیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔ صنعتی ترقی کے بغیر معیشت مستحکم نہیں ہو سکتی، اس لیے ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں جو صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے لیے سہولت فراہم کریں۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کو گروتھ کی جانب لے جانا ناگزیر ہو چکا ہے اور اس مقصد کے لیے کاروباری برادری کی تجاویز کو اہمیت دی جائے گی۔ ان کے مطابق تاجر اور صنعتکار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کے تجربات سے فائدہ اٹھا کر بہتر معاشی پالیسیاں بنائی جائیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت معاشی پالیسیوں کی تیاری میں تاجر برادری سے مشاورت کو یقینی بنائے گی تاکہ فیصلے زمینی حقائق کے مطابق ہوں۔ باہمی اعتماد اور مسلسل رابطے کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں لے جایا جا سکتا ہے۔
تقریب کے دوران وزیراعظم نے بتایا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان تعاون سے ملکی ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں اور تمام ادارے ایک صفحے پر آ چکے ہیں۔ اس ہم آہنگی کے مثبت اثرات معیشت اور کاروباری ماحول پر واضح ہیں۔
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت صنعتوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی، اور بجلی کی قیمت میں کمی اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے تاکہ صنعتی شعبہ مستحکم ہو اور قومی معیشت کو تقویت مل سکے۔









