اداکارہ ہما قریشی کے کزن آصف قریشی دہلی میں قتل، پارکنگ تنازع خونریزی میں بدل گیا

دہلی – بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ہما قریشی کے چچا زاد بھائی آصف قریشی کو ان کے گھر کے باہر قتل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جمعرات کی رات نظام الدین علاقے میں پارکنگ کے تنازع کے دوران 19 سالہ اُجوال اور 18 سالہ گوتم نامی نوجوانوں نے آصف پر چاقو سے حملہ کیا۔

واقعہ رات تقریباً 11 بجے پیش آیا جب آصف نے اپنے دو پڑوسی لڑکوں سے گھر کے سامنے کھڑی اسکوٹر ہٹانے کے لیے کہا۔ تلخ کلامی کے بعد دونوں ملزمان واپس آئے اور آصف پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کر دیا۔

عینی شاہدین اور سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق ایک ملزم نے آصف کو گریبان سے پکڑ کر سینے پر وار کیا۔ آصف کی اہلیہ سَیناز قریشی نے اپنے شوہر کو بچانے کی کوشش کی، تاہم حملہ آور سرعام قتل کر کے فرار ہو گئے۔

آصف کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملزمان اور آصف کے درمیان اس سے قبل بھی بائیک پارکنگ پر جھگڑے ہو چکے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں