کراچی – ایشیا کپ میں پاک بھارت میچز کی یقین دہانی اماراتی کرکٹ بورڈ (ECB) نے بھی کرا دی ہے۔ ای سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے کہا کہ اگرچہ وہ گارنٹی نہیں دے سکتے، لیکن دونوں ممالک کے درمیان نہ کھیلنے کا کوئی خطرہ موجود نہیں۔
ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان پہلا میچ 14 ستمبر کو شیڈول ہے، جبکہ دونوں ٹیمیں سپر 4 مرحلے اور ممکنہ طور پر فائنل میں بھی آمنے سامنے آ سکتی ہیں۔
بھارت کے حالیہ رویے کے باعث خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ ایشیا کپ میں بھی وہ پاکستان کے خلاف کھیلنے سے انکار کر سکتا ہے، جیسا کہ انگلینڈ میں ہونے والے ورلڈ چیمپیئن شپ آف لیجنڈز میں ہوا۔ تاہم، سبحان احمد نے واضح کیا کہ ایشیا کپ کا موازنہ کسی نجی ایونٹ سے نہیں کیا جا سکتا، کیونکہ ٹیموں کی شرکت سے قبل حکومتوں سے اجازت لی جا چکی ہے۔
سیکیورٹی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ فی الحال کسی اضافی سیکیورٹی کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی، مگر اگر حکومتی ہدایت آئی تو اس پر عمل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ 2018 سے اب تک کھیلے گئے 4 ایشیا کپ ایونٹس میں سے 3 کی میزبانی متحدہ عرب امارات نے کی ہے۔