پی ٹی آئی سے نکالے گئے رہنما کی واپسی کا امکان، پارٹی کے اندر سے بھرپور حمایت

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سے نکالے گئے سینئر رہنما شیر افضل مروت کی پارٹی میں واپسی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں، کیونکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ان کی شمولیت کے حق میں اکثریت نے آواز بلند کی۔

ذرائع کے مطابق، پی ٹی آئی کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں شیر افضل مروت کی واپسی پر مثبت پیش رفت ہوئی۔ اجلاس میں شریک رہنماؤں نے واضح طور پر کہا کہ مروت کو دوبارہ پارٹی میں شامل کیا جانا چاہیے۔ اس موقع پر نثار جٹ، اسامہ میلہ، خرم ورک اور شاندانہ گلزار نے مروت کے حق میں بات کی۔

اجلاس میں شیر افضل مروت نے مؤقف اختیار کیا کہ:

“اگر پارٹی اراکین مجھ پر تنقید نہیں کریں گے تو میں بھی جواب نہیں دوں گا۔”

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی اپنا مؤقف بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھے گی اور حتمی فیصلہ وہی کریں گے۔
اسد قیصر نے کہا:

“پارلیمانی کمیٹی کے فیصلے بانی کے سامنے رکھے جائیں گے، حتمی فیصلہ قیادت کا ہوگا۔”

شاندانہ گلزار نے اجلاس میں کہا کہ ملک سے باہر بیٹھے کچھ رہنما، جیسے شہباز گل اور شہزاد اکبر، وزیراعلیٰ کے خلاف بیانات اور ولاگز کرتے ہیں لیکن انہیں شوکاز جاری نہیں کیا گیا، جو انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اکثریت نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ پارٹی میں فیصلے یکطرفہ اور غیر متوازن نہیں ہونے چاہئیں، اور شیر افضل مروت کی واپسی پارٹی کے اتحاد اور مضبوطی کے لیے ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں