گلگت (آواز نیوز) — بالائی ہنزہ کے علاقے مورخون میں دریائی کٹاؤ کے باعث شاہراہِ قراقرم کا بڑا حصہ دریا میں بہہ گیا، جس سے پاکستان اور چین کے درمیان زمینی رابطہ مکمل طور پر معطل ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں گرمی کی شدت اور گلیشیائی پگھلاؤ کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ تیز ہو گیا ہے، جس سے متعدد مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔
صوبائی حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان نے شاہراہِ قراقرم کی بحالی کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور ریسکیو ٹیمیں مورخون کے لیے روانہ ہو چکی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسکردو کے علاقے زھوق کچورا میں کشتی الٹنے سے لاپتا ہونے والے سیاحوں کی تلاش جاری ہے۔ دفعہ 144 کے تحت جھیلوں میں کشتی چلانے پر پابندی عائد ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔